بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی چیانگ سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
گریٹ ہال آف دی پیپل میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں کابینہ کے ارکان بھی تھے۔ گریٹ ہال آف دی پیپل پہنچنے پر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی اور پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماوٴں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ جو کہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ اہم معاملات پر غیز متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا اور خصوصی اقتصادی زونز پر خصوصی توجہ کے ساتھ تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پرزور دیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم لی نے وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعظم لی کیانگ نے شرکت کی۔
تقریب کے دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی ویژن ، فلم، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، صنعت، توانائی، زراعت، ، صحت، سماجی، اقتصادی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم لی چیانگ نے وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا۔