ایپو: جاپان نے پاکستان کو شکست دے کر سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا، جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے جاپان نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دے دی۔
فائنل میچ کے پہلے کوارٹر میں جاپانی کھلاڑی تاناکا سیرن نے میچ کے 12 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی اور پہلے کوارٹر کے اختتام تک یہی سکور رہا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے کوارٹر کے درمیان کڑا مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملوں کی کوشش کی لیکن گول کرنے میں ناکام رہے۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے میچ میں پہلا گول کر دیا، احمد اعجاز نے میچ کے 34ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے سکور 1-1 سے برابر کیا۔
اس کے تین منٹ بعد ہی 37ویں منٹ میں عبدالرحمان نے فیلڈ گول کے ذریعے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر ٹیم کو 1-2 کی برتر دلادی اور اسی سکور پر تیسرے کوارٹر کا اختتام ہوا۔
چابانی ٹیم نے چوتھے کوارٹر کے آغاز پرہی پاکستان کے خلاف گول کرکے میچ 2-2سے برابر کردیا۔
یاد رہے کہ جاپان نے پہلے 4 پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گول کیے تو مدمقابل پاکستان نے شوٹ آؤٹ ضائع کرتے ہوئے صرف ایک گول کیا، دوسری جانب جاپان نے پہلی بار سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔