اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما ء و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ چوری شدہ مینڈیٹ والی حکومت تشدد کا راستہ اپنا رہی ہے، موجودہ حکومت کوبانی پی ٹی آئی سےبہت خوف ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں شعیب شاہین،رؤف حسن کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے کہا کہ ہم نے سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے، پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چرایا گیا، کل 9 مئی تھا، پورے ملک میں پی ٹی آئی نے ریلیاں نکالیں، بیرسٹر گوہر کو پولیس نے گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ورکرز نے بچا لیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی، ہم سب بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے سپاہی ہیں ہماری آئین اور قانون کی جنگ آخری سانس تک جاری رہے گی، ہم پاکستان میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی فاشسٹ حکومت کو خوف ہے، کل ہمارے ورکرز پر تشدد کیا گیا، جماعت اسلامی کے جلسے پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں، آئین وقانون کی بالادستی کے لیے ہماری جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمانی کمیٹی اسی ہفتے مکمل ہو جائے گی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام جھوٹے کیسز بنائے گئے، سرکاری وکیل عدالتوں میں آئیں، بائیں، شائیں کرتے ہیں، انشااللہ یہ سارے کیسز اُڑجائیں گے۔
عمرایوب کا کہنا تھا کہ جہاں آئین وقانون کی بالادستی نہ ہو وہاں جنگل راج ہوتا ہے، جس ملک میں آئین وقانون نہیں ہوتا وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوتی، ہم نے ملاقات میں امریکی سفیر کو کہا کہ ہم پاکستان میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، بانی چیئرمین پر جتنے بھی کیسز ہیں یہ سارے بوگَس ہیں۔