اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حملوں کیلئے فوجی تنصیبات کا انتخاب کیوں کیا گیا،9مئی پاکستان کی انا کا مسئلہ ہے، ملوث افراد کا احتساب ہونا چاہیے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ 9 مئی کے مقاصد کیا تھےاور اس کے سپانسر کون تھے؟، شہدا نے اس ملک کے دفاع کیلئے قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ 9مئی کا واقعہ پاکستان کی انا کا مسئلہ ہے ، امریکہ کو ’ابیسلوٹی ناٹ‘ کہنے والے امریکی سفیر سے ملاقاتیں کررہے ہیں،9مئی کے تانے بانے 2014 سے شروع ہوئے، 9 مئی کا دن ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی اور یادگار شہدا کو نذر آتش کیا گیا ۔
خواجہ آصف نے تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو مالی بحران سے دوچار کیا،2013 میں جو سازش تیار ہوئی اس کا ہدف نواز شریف تھے، ان کی حکومت کے چار سال میں کوئی ایک کام بتا دیں جو انہوں نے کیا ہو،ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کہا ہے کہ 2013 کے دھرنے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔
وزیر دفاع کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری میں ناکامی پر 9 مئی کا واقعہ کیا گیا، نو مئی کے تمام کرداروں کو جانتے ہیں، تحریک انصاف نے آرمی چیف کی تقرری کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، تحریک انصاف میں ہر کوئی اپنے گھر میں بیٹھ کر چیئرمین بنا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی رات کیا تھی کیا اس وقت کے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو نہیں پتہ؟، کس طرح اس ملک کے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں یہ بھی پوری قوم نے دیکھا ہے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حملوں کیلئے فوجی تنصیبات کا انتخاب کیوں کیا گیا، ریڈ لائن کراس کریں گے تو ریاست حرکت میں آئے گی، ایسے کرداروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گئے، ملک کسی ایک شخص کے وجود پر قائم نہیں ہوا اسے لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں پر ابھی تک مقدمہ کیوں نہیں کیا گیا؟ کل بھی عدالتوں سے درخواست کی تھی ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں، سابق ایم این اے طارق عزیز اور میاں منیر بھی سزا کاٹ چکے ہیں۔