اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بچوں کا سکول سے باہر ہونا تشویشناک ہے۔تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
شعبہ تعلیم سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے، بانیٔ پاکستان نے کہا قوم کیلئے تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان چیلنجز پر قابو پاکر ایٹمی قوت بنا، پاکستان میں بچوں کا سکول سے باہر ہونا تشویشناک ہے۔تعلیم کے بغیر کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے ہیں جو چیلنج ہے، پاکستان تعلیم کے سیکٹر میں کام کر رہا ہے، دانش سکولوں میں غریب بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانیں قربان کیں، دہشت گردی ملک کے لیے بڑا چیلنج ہے، 10 ہزار سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار نجی تعلیمی اداروں سے بہتر بنایا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2008 سے 2018 کے درمیان پنجاب میں جبری مشقت کا خاتمہ کیا گیا، بچوں سے مشقت کرانے والے والدین کو بچوں کی تعلیم کیلئے رقم دی، قوم اپنے عزم اور حوصلے سے کئی چیلنجز کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 45 ہزار بچوں کو میرٹ یا سکالر شپس دی گئیں، جنوبی پنجاب میں لڑکیوں کیلئے زیورتعلیم پروگرام شروع کیا، پنجاب میں بڑی تعداد میں بچوں کو سکولوں میں لایا گیا۔