اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے ایف بی آر کو پانچ لاکھ سے زائد نان فائلرز کی سمز بلاک سے انکار کردیا۔
پی ٹی اے نے ایف بی آر کے خط کا جواب دے دیا جس میں کہا ہے کہ نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا عمل ہمارے نظام سے مطابقت نہیں رکھتا اور قانونی طور پر ہم سمز بلاک کرنے کا پابند نہیں۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں خواتین اور بچے مرد حضرات کے نام پر سمز استعمال کرتے ہیں، پاکستان میں خواتین کے نام پر صرف 27 فیصد سمز ہیں، انکم ٹیکس آرڈیننس 2021ء کا اطلاق پی ٹی اے پر نہیں ہوتا، سمز بلاک کرنے سے ڈیجیٹلائزیشن کو نقصان پہنچے گا۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں سمز بلاک کرنے سے ٹیلی کام معیشت کو نقصان پہنچے گا، سمز کی بندش سے ٹیلی کام شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو دھچکا لگ سکتا ہے، بینکنگ ٹرانزیکشنز، ای کامرس، موبائل اکاؤنٹس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔
خط میں پی ٹی اے نے ایف بی آر کو مشورہ دیا ہے کہ سمز بلاک کرنے کے سوا دیگر قانونی آپشنز پر غور کیا جائے۔