اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات مبینہ دھاندلی سے متعلق 300 صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر جاری کر دیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر، عمرایوب، شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں ہمیں کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی، تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان بھی لے لیا گیا، فارم 47 کے ذریعے ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں ہم جیت چکے تھے، ہماری سیٹیں فارم 47 کے تحت دوسری جماعتوں کو دی گئیں، جلد سے جلد ہماری پٹیشن کو سپریم کورٹ میں سنا جائے، انکوائری کمیشن بنے جو دیکھے تحریک انصاف کو کیسے ہروایا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن میں دھاندلی نہ ہو، پورے پاکستان سے 158 پٹیشن فائل کر چکے ہیں، جلد ہماری پٹیشن کو سنا جائے، ہمارا مطالبہ ہے الیکشن ریفارمز کئے جائیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہماری سیٹوں کو فارم 47 کے ذریعے تبدیل کیا گیا، وائٹ پیپرکے 300 پیج میں تمام شواہد موجود ہیں، الیکشن کمیشن نے مخالفین کے 100 ووٹ کو ایک ہزار کر دیا، انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر بھی فوری مستعفی ہوں، چیف الیکشن کمشنر نےعوام کی امانت میں کھلم کھلا خیانت کی۔
شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، ایم کیوایم کو شفاف الیکشن سوٹ نہیں کرتا، تینوں جماعتوں نے اسی لئے ای وی ایم کی مخالفت کی تھی، پی ڈی ایم ون میں ملکی اکانومی کی تباہی ہوئی، تحریک انصاف کے کارکنوں پرتشدد کیا گیا اور ڈرایا دھمکایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سے انتخابی نشان چھیننےسے بڑا ظلم سیاسی تاریخ میں نہیں ہوسکتا، سلام ہے عوام کو جنہوں نے بلے کا نشان نہ ہونے کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں کو ووٹ دیئے، عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر تین کروڑ سے زائد ووٹ دیئے، عوام نے الیکشن میں اپنا حق ادا کردیا تھا۔