اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اگر ہمیں حق نہ دیا گیا تو حکومت کو گرائیں گے اور پھر اس بار اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے۔
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان تحریک انصاف کے 28ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر وفاقی حکومت کو خبردار کیا اور کہا کہ ہمیں ہمارا پورا حق ملنا چاہیے، اگر ہمیں حق نا دیا گیا تو پہلے حکومت کو گرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’غلط کرنے والوں کو بھی معلوم ہے کہ وہ ٹھیک نہیں کررہے، اب بھی وقت ہے کہ غلط کرنے والی اپنی اصلاح کریں اور ہمیں اشتعال دلانے سے گریز کریں، ہم جواب دینگے تو اس میں بھی ہمارا نقصان ہے اور نہ دیا تب بھی خمیازہ ہی بھگتنا ہوگا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس نہیں کر سکتا ہے لہذا ایسے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، ہم نہیں چاہتے کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے ہمارے اداروں کے خلاف نفرت پیدا ہو کیونکہ یہ ادارے ہمارے ہیں اور ان کے بارے میں نفرت پیدا ہو یہ برداشت نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کے اوپر اج بھی اچھے سے جواب دے سکتے ہیں مگر ملک کی خاطر چپ ہیں۔ بانی پی ٹی ائی کو مزید جیل میں رکھنا کسی کے بس میں نہیں ہے کیونکہ جو لوگ یہ چاہتے تھے اب اُن کی ہمت جواب دے رہی ہے اور عمران خان کا حوصلہ مزید بڑھ رہا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عوام کو آج بخوبی علم ہے کہ ملک میں چور اور مسلط کیا ہوا کون ہے، ملک کا بچہ بچہ عمران خان کے لیے جان دینے کو تیار ہے۔