اسلام آباد:سینٹ کاافتتاحی اجلاس کل ہوگا،نئے منتخب ہونے والے سینیٹرزحلف اٹھائیں گے جبکہ چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کاانتخاب بھی کیاجائے گا۔
صدرمملکت نے عید سے ایک روزقبل ایوان بالاکااجلاس طلب کرلیاہے،صدرمملکت نے اس اجلاس کیلئے سینیٹراسحاق ڈارکو پریذائڈنگ افسرمقررکررکھاہے جو نئے منتخب ہونے والے سینیٹرزسے حلف لیں گے۔
کئی دنوں تک غیرفعال رہنے والے پاکستان کے ایوان بالا کے اجلاس کیلئے جاری ہونے والے سرکلرکے مطابق اسی اجلاس میں چئیرمین اورڈپٹی چیئرمین سینٹ کاانتخاب کیاجائے گا۔
سابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اورڈپٹی چیئرمین کے استعفے کے باعث یہ دونوں سیٹیں خالی ہیں جس کی وجہ سے یہ ایوان غیرفعال ہوچکاتھا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے پانچ سینیٹرز کی جانب سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔
درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی سینیٹرز کے وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ نو اپریل الیکشن ہے ، اگر الیکشن روک دیں اور عید کے بعد الیکشن ہو جائے تو کیا حرج ہے؟ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے دیکھنا ہوگا کہ الیکشن روک بھی سکتے ہیں یا نہیں ؟ ۔
سینٹ کے کل ہونے والے اجلاس کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ دوسری جانب نئے منتخب ہونے والے سینیٹرزکی رجسٹریشن کیلئے خصوصی ڈیسک بھی آج قائم کردیاگیاتھاجو کل بھی کام کرتارہے گا۔