کیلیفورنیا: میٹا کی جانب سے مئی 2024 سے فیس بک، انسٹا گرام اور تھریڈز پر پوسٹ کی جانے والی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی تمام تصاویر او ر ویڈیوز پر پر لیبل لگائے جائیں گے۔
کمپنی کے مطابق اے آئی مواد پر لیبل لگانے کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن مواد کی روک تھام کرنا ہے، اے آئی سے تیار شدہ تمام مواد پر لیبل لگائے جائیں گے، البتہ اے آئی سے تیار کردہ تصاویر یا ویڈیو کو اسی وقت ڈیلیٹ کیا جائے گا جب پالیسیوں کی خلاف ورزی ثابت ہوگی۔
میٹا نے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 4 برس کے دوران بالخصوص 2023 میں لوگوں نے اے آئی کی مدد سے حقیقی نظر آنے والا مواد تیار کیا ہے اور یہ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
بیان کے مطابق اوور سائیٹ بورڈ کی مشاورت سے پالیسی میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جبکہ 13 ممالک کے 23 ہزار سے زائد افراد میں ایک سروے بھی کرایا گیا، جس میں 82 فیصد نے اے آئی مواد پر لیبل لگانے کے حق میں ووٹ دیا۔
میٹا کی جانب سے پہلے ہی اس کے امیجن اے آئی انجن سے تیار کیے جانے والے مواد پر لیبلز اور واٹر مارک کا اضافہ کیا جاتا ہے، مگر مئی سے تھرڈ پارٹی ذرائع جیسے اوپن اے آئی، گوگل اور دیگر سے تیار کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز پر بھی لیبلز کا اضافہ کیا جائے گا۔