لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف تین روزہ غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔وزیراعظم وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی بھی کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں خصوصی وفد لاہور سے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوا۔
وفد میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، محسن نقوی، عطا اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان، احد خان چیمہ، رانا مشہود احمد خان، شبیر احمد عثمانی، عون چودھری، مصطفی رمدے و دیگر افراد شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی طے پاگئی ہے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہوگی۔
یاد رہے کہ 4 مارچ کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہبازشریف کا بیرون ملک یہ پہلا دورہ ہے۔
ادھروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڈ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وفد کے ارکان سفری اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کر رہے ہیں۔