اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے مزید 5 ججز کو لکھے گئے مشکوک خطوط سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک کے نام مشکوک خط موصول ہوئے ہیں۔
تمام خطوط اکٹھے کر کے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیئے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کو لکھے گئے خطوط میں بھی آرسینک پاؤڈر پایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے 10 ججز کو خطوط مل چکے ہیں، تمام خط ایک ہی تاریخ کو آئے تھے، کچھ ججز کو اب ملے ہیں۔
گزشتہ دنوں چیف جسٹس پاکستان سمیت 6 ججوں کے نام پاؤڈر بھرے مشکوک خطوط آئے تھے، ان ججوں میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس امین الدین اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔
فارنزک رپورٹ کے مطابق ججوں کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط میں موجود پاؤڈر میں آرسینک کی 10 فیصد مقدار پائی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو مشکوک خط ملنے کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے 6 ججوں کو اب تک مشکوک خطوط مل چکے ہیں جبکہ سب سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 ججوں کو مشکوک خط موصول ہوئے تھے۔