لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پمز ہسپتال کے چار سینئر ڈاکٹروں نے بشریٰ بی بی کا تفصیلی میڈیکل چیک اپ کیا۔میڈیکل چیک اپ میں بشریٰ بی بی کو زہر دینے کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میڈیکل چیک اپ کے دوران زہر دینے یا ہارپک کے قطرے کھانے میں ملانے کے کوئی شواہد نہیں ملے، بشریٰ بی بی کو شکایت تھی کھانے میں مرچیں زیادہ تھیں، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے الگ الگ بیانات دے کر خود کو مشکوک اور جھوٹے ثابت کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میڈیکل ٹیم کے چیک اپ کے بعد یہ واضح ہو گیا دونوں میاں بیوی عادتاً جھوٹے ہیں، بانی پی ٹی آئی تو زمان پارک میں رہتے ہوئے بھی زہر کی باتیں کرتا تھا، بشریٰ بی بی کو جھوٹ بولتے تھوڑا سا احساس کرنا چاہئے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آپ دونوں میاں بیوی شاہانہ انداز میں شاہی جیل کاٹ رہے ہیں، مخالفین کو عقوبت خانوں اور موت کی چکیوں میں ڈالنے والا 7 عدد سیل میں بادشاہوں کی طرح رہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈا اور جھوٹ کی شروعات بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہو کر ان کے سوشل میڈیا ٹولز تک پہنچتی ہے، دونوں میاں بیوی کا جھوٹ 24 گھنٹوں میں ہی بے نقاب ہوگیا۔