پشاور : الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی درخواست پر سینیٹ انتخابات ملتوی کردئیے
پارلیمنٹ کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کی 30 خالی نشستوں پر انتخابات کیلئے قومی، پنجاب، اور سندھ اسمبلی میں پولنگ جاری ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں صورتحال اگر مگر کا شکار تھی۔
خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت صبح 9 بجے سینٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہ ہوسکی جبکہ سینٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل تھے اور الیکشن عملہ بھی موجود تھا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیلئے درخواست جمع کرائی تھی۔
انتخابات ملتوی کروانے کی درخواست اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کرائی جس میں مو?قف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا، لہذا الیکشن ملتوی کیا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرلیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی صوبائی اسمبلی پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے سینیٹ انتخابات سے متعلق ارکان سے مشاورت کی۔
الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی درخواست پر انتخابات ملتوی کردیئے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کے حلف سے مشروط کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اراکین نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا جس میں استدعا کی گئی مخصوص نشستوں پر ان کے 25 اراکین سے حلف لیا جائے، حلف نہ لیاجائے تو الیکشن ملتوی کیا جائے۔