لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کاکہناہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کو کام لینا آتا ہے، انہوں نے ماضی میں بھی کام کرکے دکھایا ہے،شہباز شریف نے 16 ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، روپیہ مستحکم ہوگیا ہے،کئی محکمے برائے نام چل رہے ہیں، کابینہ عوامی ووٹ سے آئی ہے اور عوام کو جواب دے گی۔
ماڈل ٹاوٴن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اگلے 5 سالوں کیلئے وزارتوں کے اہداف مقرر کردیئے ہیں۔ ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی ہدف دیا گیا ہے، تحریری ہدایات تمام وزارتوں کو جاری کی گئی ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے اہداف کی مانیٹرنگ کی جائے گی، اچھی کارکردگی دکھانے والے وزار کی ستائش کی جائیگی۔
انہوں نے بتایا کہ قرضہ جات کی ری سٹرکچرنگ کے اہداف دیئے گئے ہیں، دہشتگردی کی روک تھام کیلئے ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز نے بہت کام کیا، غیر قانونی اسلحہ کے حوالے سے رولز بنائے جائیں گے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے ہدف دیاگیا ہے۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں بہت پوٹینشل ہے، وزارت تجارت میں تجارتی خسارے کو کم کرنے کے حوالے سے ٹارگٹ دیاگیا ہے، پاکستان میں کاروبار کو آسان بنایا جائے گا، 2027تک خلیجی ممالک کو برآمدات میں اضافے کا ٹارگٹ دیاگیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت تعلیم کو آوٴٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ کو بڑھانے کا ہدف دیاگیاہے، پی آئی اے کا سالانہ خسارہ 80ارب روپے ہے، پی آئی اے کی نجکاری کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا ہدف دیا گیا ہے، پاکستان میں جتنے قوانین پاس ہوتے ہیں اس کیلئے ای پورٹل بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کو کام لینا آتا ہے، انہوں نے ماضی میں بھی کام کرکے دکھایا ہے،شہباز شریف نے 16 ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، روپیہ مستحکم ہوگیا ہے،کئی محکمے برائے نام چل رہے ہیں، کابینہ عوامی ووٹ سے آئی ہے اور عوام کو جواب دے گی۔