نیویارک:جسمانی طور پر آپس میں جڑی امریکی بہنوں کو جیون ساتھی مل گیا، دونوں بہنوں کی شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر لوگ خوب داد دے رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی رہائشی ایبی اور برٹنی ہینسل جو جسمانی طور پر آپس میں جڑی ہوئی ہیں، ان کا ایک دھڑ اور دو سر ہیں، حیران کن طور پر جڑے ہونے کے باوجود دونوں بہنیں دوسرے لوگوں کی طرح معمول کی زندگی گزارتی ہیں، کار چلاتی ہیں، شاپنگ کرتی ہیں اور تیراکی بھی کرتی ہیں۔
ایبی اور برٹنی دنیا کے سب سے مشہور جڑواں بچوں میں سے ہیں، ان میں سے ہر ایک کا سر اور دل الگ ہے لیکن ان کے جسم جڑے ہوئے ہیں، ایک کی ٹانگیں اور دوسری کے بازو ہیں، ان میں سے ہر ایک کے جسم کے ایک حصے پر کنٹرول ہے، ایبی کے دائیں طرف اور برٹنی بائیں طرف کو کنٹرول کرتی ہے۔
ایبی اور ہینسل نے کچھ عرصہ قبل جوش بولنگ نامی شخص سے شادی کر لی، بولنگ ایک نرس اور فوجی تجربہ کار ہیں، حال ہی میں شادی کے دن کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے سوشل میڈیا صارفین خوب سراہتے ہوئے داد دے رہے ہیں۔
ایک ویڈیو کلپ جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ مہمانوں میں سے ایک نے لیا تھا جس میں جڑواں لڑکیوں کو مشترکہ عروسی جوڑے میں دولہا کے ساتھ رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، دونوں جڑوں بہنیں میڈیا کی چک چوند سے دور رہتی ہیں تاہم سولہ سال کی عمر میں انہوں نے ایک دستاویزی فلم میں حصہ لیا تھا۔
ایبی اور برٹنی اب مینیسوٹا کے ایک ایلیمنٹری سکول میں پانچویں جماعت کے ریاضی کی استانیاں ہیں، دونوں نے پہلی بار 1996ء میں دنیا کو اپنے سحر میں ڈالا جب وہ اوپرا ونفری کے شو میں شریک ہوئیں اور لائف میگزین کے سرورق پران کی تصاویر چھپیں، دونوں بہنوں نے پیانو بجانے اور ورزش کے دوران ہم آہنگی کرنے کی اپنی حیرت انگیز صلاحیت سے ڈاکٹروں کو بھی حیران کیا۔