گوادر: یوم پاکستان کی مناسبت سے گوادر میں پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج، پاک بحریہ، ایف سی، کوسٹ گارڈ ، پولیس، لیویز اور بالخصوص خواتین پولیس اور ایف سی کے دستوں نے حصہ لیا۔
پریڈ میں پاک بحریہ کا بینڈ شائقین کی داد کا خاص مرکز رہا اور مسلح افواج کے بینڈ کے ملی نغموں کی دھنوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب میں گوادر سے صوبائی اسمبلی کے رکن مولانا ہدایت الرحمان، پاک بحریہ کے کمانڈر ویسٹرن کوسٹ، جنرل آفیسر کمانڈنگ گوادر ڈویژن، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر گوادر، ڈی آئی جی پولیس اور دیگر سینئر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
گوادر کے علاوہ بلوچستان کے دیگر شہروں حب، اورماڑہ ، پسنی اور جیونی میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں تقریری مقابلے، کار ریلی، فٹ بال میچ اور آتش بازی شامل ہے۔
گوادر میں یوم پاکستان کی تقریب کے دوران آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے دیکھنے کے لیے دور دور سے لوگ گوادر میں اکٹھے ہوئے تھے۔