اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ، انسداد منشیات و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی۔
وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات میں وزارت داخلہ، وزارت انسداد منشیات، پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی، وزیر داخلہ نے ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو دیئے گئے ٹاسک کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ایف آئی اے اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی مجوزہ اصلاحات اور ری سٹرکچرنگ پلان پر بھی بریفنگ دی، وزیراعظم نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور کسی قسم کی کوئی نرمی نہ برتی جائے۔
وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔