اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر نے سائفر کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کردیارہنماء پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ سب سائفر کو جھوٹا نہیں کہتے تھے؟ لیکن پھر اسی سائفر کو بنیاد بنا کر سزائیں دی گئیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سائفر پر بات کی، سائفر پر ہمارا واضح موٴقف ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، حقیقت سامنے آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سفیر کو بلا کر انتہائی برا رویہ اپنایا گیا، کیا یہ سب سائفر کو جھوٹا نہیں کہتے تھے؟ لیکن پھر اسی سائفر کو بنیاد بنا کر سزائیں دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مایوس کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی پر 14، 14 گھنٹے عدالت میں پروسیڈنگ ہوتی ہے، کوشش ہوتی ہے گن پوائنٹ پر سزا دلائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں، یہ بتایا جارہا ہے کوئی ایسی گفتگو کرے گا تو ایکشن ہوگا، بتانا چاہتا ہوں وہ ڈر اور خوف کا وقت گزر چکا ہے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ میں نے 29سال گزارے، انہوں نے شروع دن سے کہا قانون کی حکمرانی ہو۔
اسد قیصر نے کہا کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی اصولوں پر سودا بازی نہیں کی، ملک سے نہیں بھاگے،مقدمات کا سامنا کیا، ہمارا لیڈر کبھی نہیں جھکے گا، نہ کسی آفر پر سمجھوتہ کرے گا، ہم چاہتے ہیں قانون اور آئین کی بالادستی ہو۔