اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل کی مانسہرہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کی درخواست خارج کردی گئی۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ میں نواز شریف کیس پر اپنا فیصلہ جاری کردیا، جس میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل کی جانب سے مانسہرہ میں دوبارہ پولنگ کی درخواست مسترد کردی گئی۔
الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی درخواست خارج کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار الیکشن ٹریبونل سے رجوع کر سکتا ہے۔ آر او 3 روز میں اپنے نتائج مکمل کرے۔
دوبارہ انتخابات کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی نے تحریر کیا۔
یاد رہے کہ این اے 15 انتخابی عذرداری کیس کی سماعت گزشتہ روز ہوئی تھی، جس میں نواز شریف کے وکیل نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کی درخواست کی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔