لاہور: پولیس نے پنجاب اسمبلی کے باہر سے پانچ مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا، جو اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جہاں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری تھا۔
لاہور پولیس کے مطابق مشکوک افراد نے پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کی اور انہوں نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ پانچوں افراد کو تھانہ سول لائن منتقل کر دیا گیا ہے اور تمام زیرحراست ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز نو منتخب اراکین نے حلف لیا تھا اور آج اسپیکر کا انتخاب ہوا، جس کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ملک محمد احمد خان نئے اسپیکر منتخب ہوگئے۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کو پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے اور انہیں ایوان میں اکثریت حاصل ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی، جن کے امیدوار میاں اسلم اقبال ہیں۔