اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے لیگی امیدواروں طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل کر دیے۔
ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف شعیب شاہین، علی بخاری و دیگر کی انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شعیب شاہین نے دلائل دیے کہ الیکشن کی رات 12 بجے تک میرے پاس 380 فارم 45 آئے تھے، میں آر او کے دفتر گیا تو میرے فارم طارق فضل چوہدری کے کھاتے میں ڈال رہے تھے اور ان کے میرے کھاتے میں، بمشکل ریٹرننگ افسر کے پاس پہنچا اور کہا کہ اگر غلطی ہے تو اسے درست کر لیں، ریٹرننگ افسر نے دبے لفظوں میں مجھے کہا کہ یہاں سے چلے جاوٴ ورنہ نکال دینگے، فارم 45 پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود ہیں، الیکشن نتائج کے بعد دو فارم 47 جاری کردئیے گئے تھے، عثمان اشرف حلقہ این اے 47 کے آر او تھے۔
ہائیکورٹ نے تمام درخواستوں کی سماعت کے بعد حلقہ این اے 46 سے انجم عقیل، این اے 47 سے طارق فضل چوہدری اور این اے 48 سے راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل کر دیے۔