اسلام آباد:سینئر سیاستدان اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ الیکشن اتنا متنازعہ بن گیا ہے حکومت بنانے والے چلا نہیں سکیں گے۔شہبازشریف وزیراعظم بن بھی جائیں گے تو کیا کر لیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو کچھ گزشتہ عرصے میں ہوا اس کا ری ایکشن الیکشن میں نظرآیا، الیکشن نتائج اس حد تک سرپرائزنگ ہیں پی ٹی آئی اندازہ سیٹیں لے گئی، کمشنر پنڈی کہہ رہا ہے عوام کے مینڈیٹ کی نفی کی ہے، کیا کسی نے کمشنرسے پوچھا ایسا کیوں کر رہے تھے، کمشنر نے الیکشن کمیشن، چیف جسٹس پربات کر دی اورہم خاموش ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک شخص نے اعتراف جرم کیا، چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے تہہ تک پہنچیں، ن لیگ کا جواب دینا نہیں بنتا، انکوائری کمیشن بنانے سے کچھ نہیں ہوگا، ہارنے والا تو روتا ہے، حالت یہ ہوگئی ہے جیتنے والا بھی رو رہا ہے، ملک کی یہ حالت کردی ہے جیتنے والے بھی آج ہار گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر کہہ رہا ہے میں نے آئین توڑا، الیکشن میں چوری کی ہے، عوام کے مینڈیٹ سے حکومتیں بنیں گی تو معاملہ آگے چلے گا، نوازشریف نے خود دیکھ لیا ہوگا الیکشن کا کیا ماحول ہے نتائج کیا ہیں، شہبازشریف وزیراعظم بن بھی جائیں گے تو کیا کر لیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے دکھ ہے نوازشریف کو40 سالہ سیاست میں یہ ماحول دیکھنا پڑا، ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ہر سیاسی کیریئر کا اختتام ناکامی پر ہوتا ہے، 5سال کہیں یا 15 سال کہیں حکومت ایسے چل ہی نہیں سکتی۔