اسلام آباد: جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں نہیں تھے اور یہ تحریک پیپلزپارٹی نے چلائی جبکہ سیاسی جماعتوں کو سابق آرمی چیف جنرل (ر) باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید نے ہدایات دیں۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک دراصل پیپلزپارٹی نے چلائی اور میں اس کے حق میں نہیں تھا البتہ اس لیے ساتھ دیا کہ پھر پی ڈی ایم کہتی کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کو بچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل فیض حمید بھی عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ سسٹم میں رہ کر سب کرسکتے ہیں جس پر انہیں اعتراض نہیں ہوا۔
انہوں نےمزیدکہا کہ جنرل (ر) باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید نے سیاسی جماعتوں کو عدم اعتماد کے حوالے سے ہدایات دیں اور ن لیگ، پیپلزپارٹی نے اس کو مہر ثبت کیا۔