لاہور: سابق کپتان محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کا کنٹریکٹ 15 دسمبر تک تھا، محمد حفیظ نے کنٹریکٹ میں توسیع کے لیے درخواست دی لیکن ان کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی جس پر وہ عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق سابق ٹیسٹ کپتان کو بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے توسط سے یہ پیغام واضح طور پر دے دیا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں ان کی خدمات درکار نہیں ہوں گی۔
محمد حفیظ کو چیئرمین آفس میں موجود نبیلہ اور ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید سے بار بار رابطہ کرنے پر حوصلہ افزا جواب نہیں مل سکا۔
چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر سے انہیں واضح پیغام موصول ہوا ہے کہ چیئرمین بطور ڈائریکٹر انہیں مزید وقت دینے کے خواہش مند دکھائی نہیں دیتے اور کچھ الگ سوچ کے ساتھ غیر ملکی کوچنگ سٹاف رکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔