لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاوٴ گھیراوٴ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی، سابق وزیراعظم کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل اسلام آباد میں القادر ٹرسٹ کیس میں مصروف ہیں، لیگل ٹیم کو دلائل دینے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔
عدالت نے جونیئر وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں 19 فروری تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی جیل سے ویڈیو لنک حاضری کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔