لاہور: غیر قانونی بھرتی سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی کے پرنسپل سیکرٹری بھرتی کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے پرویز الٰہی کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
دوران سماعت پرویز الٰہی کی جانب سے ایڈووکیٹ عامر سعید راں اور فرمان پیش ہوئے اور کیس سے متعلق دلائل میں بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے محمد خان بھٹی کو ڈسچارج کیا۔ پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ بننے سے پہلے پرنسپل سیکرٹری کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کا نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری پنجاب نے جاری کیا۔ اس مقدمے میں چیف سیکرٹری کو فریق ہی نہیں بنایا گیا۔یہ کیس سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے۔عدالت پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔