اسلام آباد: نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ رفح میں اسرائیل کی حالیہ بمباری اور جارحیت قابل افسوس ہے۔ پاکستان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، دنیا ایسے اقدامات سے نظریں اٹھانے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان معصوم فلسطینیوں کے خلاف تشدد کی ان کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔
نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، دنیا ایسے اقدامات سے نظریں اٹھانے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ کے شہر رفح پر اسرائیل کی فوجی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت عالمی عدالت انصاف کی تجویز کردہ عارضی اقدامات کی خلاف ورزی ہے، اس جارحیت سے غزہ میں انسانی تباہی میں مزید اضافہ ہوگا۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے اقدامات کرے، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں انسانیت کیخلاف جرائم کو فوری بند کرایا جائے۔