نیویارک:ایک نئے سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ شادی شدہ افراد اپنی زندگی سے غیر شادی شدہ افراد کی نسبت زیادہ مطمئن اور خوش ہیں۔
اس حوالے سے سروے کے مصنف گیلپ کے ماہر معاشیات اور جوناتھن روتھ ویل کا کہنا ہے کہ کسی بھی طرح سے آپ اس ڈیٹا کا تجزیہ کر لیں کہ شادی شدہ ہونے پر لوگ واضح طور پر اپنی زندگی سے مطمئن نظر آتے ہیں۔
سروے میں 2.5 ملین سے زائد امریکی افراد سے کہا گیا کہ زیرو سے دس کے اسکیل پر ریٹنگ دے کر یہ بتائیں کہ وہ 2009ء سے 2023ء کے درمیان ان کی زندگی کیسی گزری، اس کے بعد محققین نے شرکاء سے یہ پوچھا کہ اب یہ بتائیں کے پچھلے پانچ سالوں کے دوران وہ اپنی زندگی سے کتنا خوش رہے۔
سروے کے اعداد و شمار سے یہ پتہ چلتا ہے کہ شادی شدہ افراد اپنی زندگی سے غیر شادی شدہ افراد کی نسبت زیادہ خوش اور مطمئن ہیں۔
سروے کے نتائج میں جب سال، عمر، جنس اور تعلیم جیسے عوامل کو مدِ نظر رکھا گیا تب بھی یہ نتیجہ سامنے آیا کہ کم تعلیم یافتہ شادی شدہ افراد، غیر شادی شدہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی نسبت اپنی زندگی سے زیادہ مطمئن ہیں۔
اس حوالے سے سوشیالوجی کے پروفیسر اور ورجینیا یونیورسٹی میں نیشنل میرج پروجیکٹ کے ڈائریکٹر بریڈ فورڈ وِلکوکس نے کہا کہ ’نسل، عمر، جنس اور تعلیم جیسی چیزیں اہم ہیں لیکن جب بات انسان کے بہترین زندگی گزارنے کی ہو تو ایسا لگتا ہے کہ شادی سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے‘۔
بریڈ فورڈ وِلکوکس نے کہا کہ ’ہم انسان سماجی جانور ہیں اور جیسا کہ ارسطو نے کہا کہ ہم انسان ایک دوسرے سے جُڑنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں‘۔