لندن : انگلش پریمیئر لیگ میں ٹوٹنہام ہاٹ پور نے برینٹ فورڈ، دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نے برنلے اور لیورپول نے چیلسی کو ہرا کر اپنے اپنے میچز جیت لئے۔
انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔
ٹوٹنہام ہاٹ پور سٹیڈیم ، لندن میں آج کھیلے گئے میچ میں ٹوٹنہام ہاٹ پور اور برینٹ فورڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں ٹوٹنہام ہاٹ پور نے برینٹ فورڈ کی ٹیم کو سخت مقابلے میں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی، ٹوٹنہام ہاٹ پور کی ٹیم کی ای پی ایل میں یہ 13ویں فتح ہے۔
اتحاد سٹیڈیم ، مانچسٹر کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور برنلے کی ٹیمیں نبرد آزما تھیں جس میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برنلے کی ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔
دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ای پی ایل میں یہ 14 ویں فتح ہے اور اس فتح کے بعد مانچسٹر سٹی کی ٹیم ایک درجہ ترقی پاکر تیسرے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔اسی طرح اینفیلڈ، لیورپول میں کھیلے گئے میچ میں لیور پول اور چیلسی کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔
لیورپول کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف چیلسی کی ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا، لیور پول کی ٹیم کی انگلش پریمیئر لیگ میں یہ 15 ویں فتح ہے اور وہ تاحال سب سے زیادہ 51 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔