سوات: مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ میں نے کبھی اپنے عوام سے جھوٹ نہیں بولا ہمیشہ سچ بولا، آئندہ بھی ہمیشہ اپنے عوام سے سچ بولوں گا۔سوات والے کیسے ایک شخص کے جھانسے میں آگئے؟ آپ نے تبدیلی کیلئے پرانا پاکستان تباہ کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے سوات میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوات والو نوازشریف آپ سے پیار کرتا ہے، نوازشریف کو سوات والوں کی حالت پر ترس بھی آتا ہے، اس نے آپ سے 1 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، کسی کو 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر ملا ہو تو ہاتھ کھڑا کریں؟ آؤ بتاؤ بھائی عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کئے تھے۔
نوازشریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ تو بہت سادہ اور سیدھے سادھے ہیں، ان کو دھوکہ دیتے ہوئے آپ کو شرم نہیں آئی؟ آپ نے ان کے جذبات سے کھیلا، آپ نے یہاں ون بلین ٹری پراجیکٹ کا وعدہ کیا تھا، پورا راستہ دیکھتا آیا ہوں ون بلین ٹری کہاں ہے؟ مجھے کہیں بھی ون بلین ٹری نظر نہیں آیا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ یہ بندہ خیبرپختونخوا سے باقی صوبوں میں ایکسپورٹ ہوا ہے، ایسے بندے کو کیوں اجازت دی جس نے آج پاکستان کو اجاڑ دیا ہے، ہمارے زمانے میں 25 روپے کی 5 روٹیاں ملتی تھیں، آج 25 روپے میں ایک روٹی ملتی ہے، نوازشریف کے زمانے میں ماہانہ 1ہزار کا بل آتا تھا، آج 20ہزار کا آتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پہلے آپ نے نوازشریف کو نکلنے دیا اب کہتے ہیں پاکستان کو نواز دو، آپ کو پچھلی باتوں کا جواب دینا پڑے گا، میرے زمانے میں سبزی 10 روپے کلو بکتی تھی، آج 500 روپے کلو بکتی ہے، بولو نوازشریف برا تھا یا اچھا، آپ جال میں کیوں پھنس گئے؟
نوازشریف نے مزید کہا کہ اگرہمیں اس صوبے میں 10 سال ملتے تو سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا، مجھے نہ نکالاجاتا تو پورا یقین ہے آج ایک شخص بھی بیروزگار نہ ہوتا، آج لوگوں کے گھروں میں روشنی کے چراغ جلتے، آج دوائیوں کے پیسوں کیلئے بھیک نہ مانگنی پڑتی۔
انہوں نے کہا کہ میں ہوتا تو آج غریبی نہ ہوتی بلکہ خوشحالی ہوتی، میں آپ سے سچ بولنے آیا ہوں اور بول رہا ہوں، یہاں کونسی موٹروے بنی ہے؟ وہ تین سو ڈیم کہاں ہیں؟ مجھے چل کر ایک بھی بتاؤ، نوازشریف نے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، آپ پھر اس شخص کے پیچھے لگ گئے اور پاکستان کا یہ حال کردیا۔
نواز شریف نے کہا کہ میں نے کبھی اپنے عوام سے جھوٹ نہیں بولا ہمیشہ سچ بولا، آئندہ بھی ہمیشہ اپنے عوام سے سچ بولوں گا، میں جھوٹ بول کر اپنی عاقبت خراب نہیں کروں گا، آپ سے روز یہاں جھوٹ بولا جاتا تھا، اب خود بھی پھنس گئے اور ملک کو بھی مشکلات میں پھنسا دیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں یہاں ایک ایک منصوبہ اپنے سامنے مکمل کراؤں گا، یہ تو 8 تاریخ کو پتہ چلے گا، آپ مجھے چکر نہ دینا، میں پشتو ایسی بولوں گا کہ آپ بھی بھول جائیں گے، میں بہت زبردست پشتو بولتا ہوں،
نوازشریف نے مزید کہا کہ آپ مسلم لیگ ن کو موقع دیں گے تو خیبر پختونخوا کی تقدیر بدل دیں گے، میں 40 سال سے سن رہا تھا لواری ٹنل بن رہا ہے، ہم آئے 30 ارب روپے خرچ کرکے لواری ٹنل کو تعمیر کیا، کوئی بھی موسم ہو ٹریفک لواری ٹنل سے گزر کر چترال جاتی ہے۔
انہوں نےکہا کہ ٹریفک یہاں سے لوئر دیر اور اپر دیر بھی جاتی ہے، ہماری تو حکومت یہاں نہیں تھی، بتاؤ انہوں نے یہاں کیا بنایا؟ ہم یہاں گیس لیکر آئے، کالج اور یونیورسٹیاں بنائیں، لواری ٹنل جب بنی تو میں جیل میں تھا، میں اپنے باپ اور والدہ کو قبر میں نہیں اتار سکا، بہت غم دیکھے لیکن نوازشریف آپ کا غم برداشت نہیں کرسکتا۔