راولپنڈی: سینٹرل جیل اڈیالہ کے لیے افغانستان و بیرون ملک سے آئی دو مختلف دھمکی آمیز کالوں اور تین دن میں جیل کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے کالرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں انسداد دہشت گری ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے اور ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعہ 25 ڈی ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، مقدمہ اڈیالہ جیل کے لائن آفیسر اے ایس آئی سجاد حیدر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
متن مقدمہ کے مطابق جیل کے سرکاری نمبر پر کالیں کرنے والے نامعلوم کالر نے بتایا کہ وہ افغانستان سے بول رہا ہے، کالر کی جانب سے پہلی کال دن اڑھائی بجے اور دوسری کال شام سوا چار بجے کی گئی، پہلی کال کا کوئی نمبر جیل کے فون کی سی ایل آئی پر ظاہر نہیں ہوا۔
متن مقدمہ میں بتایا گیا ہے کہ دوسری مرتبہ والی کال کا نمبر 971 کوڈ کے ساتھ ظاہر ہوا، دھمکی آمیز کالوں سے جیل میں سخت خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور دھمکیاں دینے والے کالرز کی تلاش کے لیے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔