اسلام آباد:نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کاکہناہے کہ مبصرین، غیرملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کیے گئے انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا ضابطہ اخلاق جاری کرچکا ہے، انتخابات کی کوریج کے لیے غیرملکی میڈیا کے نمائندے پاکستان میں موجود ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مبصرین، غیرملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کیے گئے، نئی دہلی ہائی کمیشن کی 24 درخواستیں ویزے کے لیے زیر غور ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ برطانیہ سے 25 مبصرین کے ویزے پراسس میں ہیں، روس سے 8 جبکہ کینیڈا اور جاپان سے بھی درخواستیں زیرغور ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 6 ہزار سے زائد مبصرین اور صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کرچکے ہیں، مبصرین کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے اجازت نامے جاری کیے ہیں۔