اسلام آباد:نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں اور درآمدات کم ہو رہی ہیں۔
یو ایس ایڈ، آئی پی اے اور تین پاکستانی کمپنیوں نے 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کے ایم او یو پر دستخط کردیے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب میں نگراں وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور درآمدات کم ہو رہی ہیں، 1 سال میں ملکی برآمدات میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 20 ارب ڈالرز کی برآمدات 100 بڑی کمپنیوں سے آرہی ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کےلیے سازگار ماحول موجود ہے۔
گوہر اعجاز نے یہ بھی کہا کہ دسمبر 2023 میں 397 ملین ڈالرز کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا، گزشتہ 4 ماہ میں برآمدات میں 1 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ غیر روایتی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے، اگر یہی رفتار برقرار رہی تو برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
نگراں وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ 25 بڑی کمپنیوں کی برآمدات 10 ارب ڈالرز ہیں، 20 ارب ڈالرز کی برآمدات 100 بڑی کمپنیوں سے آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمال میڈیم کمپنیوں پر توجہ دی جا رہی ہے، خلیجی ریاستوں،افریقہ اور چین کے ساتھ تجارت کو کھولاجارہا ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ امریکی ادارہ ترقی پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری میں کردار ادا کررہا ہے، جس کو سراہتے ہیں۔
مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ دینے میں امریکا کا عزم غیرمتزلزل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تقریب کامقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔