سانگڑھ:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی جیل جانے سے بچنے اور کوئی جیل سے باہر آنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔شیر بلی بن کر گھر میں چھپ گیا، وہ کسی اور سے الیکشن جتوانے کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سانگڑھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہیں لیکن سانگھڑ نے فیصلہ آج ہی سنا دیا ہے، شیراور تیر کےدرمیان الیکشن ہو رہا ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ چوتھی بار وزیراعظم بننے کی کوشش کرنے والے کے پاس منشور تک نہیں، میں دائیں بائیں نہیں دیکھتا، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، اس بار مجھے پچھلے الیکشن سے بھی زیادہ نشستیں دلائیں، کراچی اور حیدر آباد سے قومی اسمبلی کی نشستیں جیتیں تو جیالا وزیراعظم ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وہ شیر ہے جو کسانوں کا خون چوستا ہے، آپ جتنی طاقت مجھے دیں گے میں اتنی طاقت سے آپ کا کام کروں گا، ن لیگ پنجاب میں شیر سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑرہی ہے، باقی جماعتیں امیروں کی نمائندگی کرتی ہیں لیکن پیپلزپارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چوتھی بار وزیراعظم مسلط ہونے والے سے اس کا منشور پوچھیں، کوئی جیل جانے سے بچنے اور کوئی جیل سے باہر آنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں جتوائیں گے تو سندھ کا چہرہ تبدیل کر دیں گے، پہلا وعدہ ہے کہ عوام کی آمدن دگنی کریں گے، وعدہ ہے 300 یونٹ تک سولر کے ذریعے مفت بجلی دلاؤں گا، کسانوں کو فصلوں کی انشورنس دلوائیں گے، 17وزارتیں بند کرکے سالانہ 300 ارب بچا کرعوام پرلگائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشرافیہ کے لئے ہمیشہ پیسے ہوتے ہیں لیکن عوام کے لئے کچھ بھی نہیں ہوتا، اشرافیہ کو سبسڈی دینے کیلئے سالانہ ایک ہزار500 ارب خرچ ہوتا ہے، اشرافیہ کوسبسڈی دینے کیلئے1500ارب بجٹ میں رکھے جاتے ہیں، ن لیگ اور جی ڈی اے 18 ویں ترمیم پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عوام کا حق اسلام آباد سے چھین کردوں گا، اسلام آباد میں 18 مہینے گزارے، جانتا ہوں پیسہ ہےعوام پر خرچ نہیں کرتے۔