اسلام آباد:پاکستان نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کاکہناہے کہ پاکستان نے اپنے فیصلے سے ایرانی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی مختصر پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان میں موجود ایرانی سفیر کو واپس جانے کا کہہ دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی دوروں کو بھی روکا جارہا ہے۔ پاکستان نے اپنے فیصلے سے ایرانی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نور نیوز کی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
بعدازاں دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا تھا۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں جس کی ذمہ داری ایران پر ہی عائد ہوگی۔