لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف الیکشن اپیلوں پر سماعت ہوئی، الیکشن اپیلٹ بینچ نے الیکشن اپیل پر آر او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7جنوری کو ریکارڈ طلب کر لیا۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ اپیل کنندگان کسی مقدمہ میں اشتہاری نہیں، انہوں نے ڈکلیریشن میں حقائق نہیں چھپائے، اپیل کنندگان کی تمام مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے۔
وکیل درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ اپیل کنندگان کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سکروٹنی میں پیش ہوئے، جسٹس رسال حسن سید پر مشتمل الیکشن اپیلٹ بینچ نے مسرت چیمہ کی الیکشن اپیلوں پر سماعت کی۔
درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ ان کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو سکروٹنی کے لیے پیش نہ ہونے دیا گیا، اس الزام پر جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
اپیل کنندگان نے استدعا کی کہ عدالت کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دے، عدالت مسرت چیمہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔