لاہور: لاہور کے حلقہ این اے 122 اور 89 سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
ریٹرننگ افسر این اے 122 نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی پر رہنما مسلم لیگ ن میاں نصیر نے اعتراض کیا تھا، اعتراض میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے تجویز اور تائید کنندہ این اے 122 سے نہیں ہیں۔
دائر کردہ درخواست میں یہ بھی اعتراض کیا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں نااہل ہیں، ان اعتراضات کے باعث بانی پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے، این اے 122 سے 11 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔
میانوالی کے حلقہ این اے 89 سے بھی بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے، بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی پر متعدد اعتراضات تھے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ڈیفالٹر اور سزا یافتہ ہونے کی بنیاد پر کاغذات مسترد کئے گئے۔
امیدوار این اے 89 میجر (ر) خرم حمید روکھڑی نے اعتراض جمع کرایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں، سوشل سکیورٹی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو 36 لاکھ کا نادہندہ قرار دیا گیا تھا۔