شیخوپورہ: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو ملک کی فیکٹریاں بند ہوجاتیں۔آٹھ فروری کو فیصلہ کرنا ہے کون تخریب کار اور کون پاکستان کا معمار ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے فاروق آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کی آمد آمد ہے، یہ الیکشن کوئی عام الیکشن نہیں ہے، اسی جوش وجذبے کے ساتھ آپ نے 8 فروری کو ملک کی تقدیربدلنے کا فیصلہ کرنا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں پاکستان ایک غریب ملک ہے، اللہ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے، اگر ملک میں تیل اور گیس نہیں تو کوئی بات نہیں، پاکستان کے نوجوانوں کی وجہ سے پاکستان امیر ملک بنے گا، ووٹ ڈالتے وقت لیڈرکا ماضی دیکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013ء میں بیس، بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، میرے لیڈر نوازشریف نے لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، ووٹ ڈالتے وقت لیڈر کا ماضی دیکھنا ہے، نوازشریف نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے، نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، نوازشریف نے اربوں روپے کے تعلیمی وظائف دیئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف نے پنجاب کے ہسپتالوں کو جدید بنایا، نوازشریف نے پی کے ایل آئی بنایا جہاں غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے، وہ کون تھا جس نے پی کے ایل آئی کا بیڑا غرق کردیا، وہ کون تھا جس نے سی ٹی سکین ٹیسٹ کے لئے فیس مقرر کردی، یہی وہ سوال ہے جن کا جواب آپ کو آتا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ آپ نے 8 فروری کو شیر پرمہر لگانی ہے، نوازشریف کو منتخب کرایا تو ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے اور ٹریننگ دلوائیں گے، نوازشریف کی لیڈرشپ میں پنجاب میں ترقیاتی کام ہوئے، نومئی واقعات سے شہیدوں پر کیا گزری ہوگی، اس سوال کا جواب آپ نے پرچی پرمہرلگا کر دینا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ 76 سال گزر گئے کشکول ہمارے ہاتھ میں ہے، 8 فروری کو فیصلہ کرنا ہے کون تخریب کار اور کون پاکستان کا معمار ہے، نوازشریف اب خالی سیاست دان نہیں دلوں کوجوڑنے اور محبت کے پھول برسانے آیا ہے، اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں پر ظلم کیا جاتا تھا، نوازشریف نے اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکولوں میں بھجوایا۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سال ملک کی بربادی ہوئی، ہمسایہ ممالک سے تعلقات خراب کئے گئے، ہم نوجوان بچوں کے لئے یونیورسٹیاں بنائیں گے، کوئی رام کہانی نہیں سنارہا، یہاں کوئی بول بچن نہیں سنانے آیا، اگرآپ نے چوتھی بار نوازشریف کو وزیراعظم بنوایا تو خدا کی قسم بچوں کو بہترین تعلیم دلوائیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے کہتے ہیں شہبازشریف نے پنجاب میں مہنگائی نہیں ہونے دی، غلط بات نہیں کروں گا گزشتہ حکومت کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، کسی جگہ ہمیں کامیابی اور کسی جگہ کامیابی نہیں ملی، ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو ملک کی فیکٹریاں بند ہوجاتیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے جب میں وزیراعظم تھا مہنگائی تھی، پی ٹی آئی حکومت نے تیل کی قیمتیں کم کیں جس کا نقصان ہوا، میں نے کہا ریاست بچ گئی تو سیاست بھی بچ جائے گی، سیاست کو ریاست پر 100 بار قربان کریں گے۔