راولپنڈی: راولپنڈی میں دھمیال کے علاقے میں جوڑیاں کے قریب آئل ریفائنری کمپنی کی سپلائی پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی جس کے باعث خوفناک آگ بھڑک اٹھی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔متعدد فائر ٹینڈرز، ایمرجنسی گاڑیاں اور اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیاہے ۔
راولپنڈی میں دھمیال کے علاقے میں جوڑیاں کے قریب آئل ریفائنری کمپنی کی سپلائی پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی۔تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں پیش آئے اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے سے آئل لائن اور ایک گھر کو آگ لگی ہے۔
متعدد فائر ٹینڈرز، ایمرجنسی گاڑیاں اور اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ راولپنڈی پولیس کے افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔
ایس ایچ او صدر بیرونی جمال نواز نے بتایا کہ آگ اور دھماکے کے نتیجے میں دو گھر بھی متاثر ہوئے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی کوئی زخمی ہے۔ ملحقہ مقام سے گیس پائپ لائن و آئل کی پائپ لائن بھی گزر رہی ہے۔ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد ہی تعین ہوسکے گا کہ آگ یا دھماکے کی وجہ کیا تھی۔
پائپ لائن گھروں کے سامنے سے زیر زمین گزر رہی ہے۔ دھماکے و آتشزدگی سے دو گھروں کے فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔
اہل محلہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقے کے ایک گھر میں ایک ہفتہ قبل پنجاب سے کرائے دار آکر آباد ہوئے تھے۔ صبح اٹھ کر دیکھا تو گلی میں اور عقبی جانب سیاہی مائل مائع پھیلا ہوا تھا۔ ہم سمجھے کہ گٹر کا پانی ہے ابھی سمجھ بھی نہ پائے تھے کہ متاثرہ گھر کے سامنے دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔
مذکورہ گھر میں رہائش پذیر افراد راتوں رات گھر چھوڑ کر غائب ہوگئے۔ شبہ ہے کہ گھر میں موجود کرائے داروں نے آئل پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کرنے کی کوشش کی تھی۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کمشنرراولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ یہ گھر خالی تھا کسی نے ائل چوری کرنے کی کوشش کی،پائپ لائن پنچر کرنے کے دوران آگ لگ گئی آئل فیلڈ اور ریفائنری کو پہلے سے بھی لیٹر لکھا تھا کہ لائنز منتقل کی جائیں اب اس معاملہ پر مستقل پالیسی بنائیں گے۔
آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ معاملہ کی مکمل انکوائری کریں گے ائپ لائن پنچر کرنے کے واقعہ میں جو بھی ملوث ہوا اسکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی
چارگھنٹے بعد پائپ لائن میں لگی آگ پر قابوپالیاگیا ہے ریسکیو1122کی جانب سے کولنگ کاعمل جاری ہے ۔اے ایس پی صدر زینب ایوب ن کاکہناہے کہ گھر کے کرائے دار کی جانب سے پائپ لائن میں سوراخ کرنے سمیت تمام پہلووٴں کا جائزہ لے رہے ہیں۔