لاہور:کورکمیٹی کے توسط سے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کارکنان اور عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عوام کسی کو اپنے ووٹ کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ دیں اور اپنے ووٹ کو محفوظ طریقے سے فیصلے میں ڈھالنے کا اہتمام کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔
کورکمیٹی کے توسط سے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کارکنان اور عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ووٹ ہمارا بنیادی دستوری، قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکنان اور عوام 8 فروری کے انتخاب کی تیاری کریں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام کسی کو اپنے ووٹ کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ دیں اور اپنے ووٹ کو محفوظ طریقے سے فیصلے میں ڈھالنے کا اہتمام کریں۔
بانی چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ انتخابات میں التواء یا ان کی شفافیت پر کسی قسم کا حملہ ملک کے مفاد میں نہیں، کارکنان اور عوام مل کر ایسے حملوں کی راہ روکنے کی منصوبہ بندی کریں۔
بانی پی ٹی آئی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان کو تباہی و لاقانونیت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے باہم مل کر بھی انتخاب میں تحریک انصاف اور اس کی پشت پر کھڑے عوام کو شکست نہیں دے سکتے۔
اجلاس میں کورکمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ”بلّے“ کے انتخابی نشان کے فوری اجراء کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے واضح کیا کہ صاف، شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے بعد لیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے نشان سے محروم رکھنے کاکوئی آئینی و قانونی جواز نہیں۔
کورکمیٹی نے مزید کہا کہ “بلّے“ کا نشان روک کر انعقاد سے پہلے انتخابات کی شفافیت کا جنازہ نکالنے کی بجائے الیکشن کمیشن کروڑوں ووٹرز کی سیاسی شناخت یعنی ”بلّے“ کا انتخابی نشان جاری کرے۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی جانب سے ملکی تاریخ کے پہلے اور تاریخی ”ورچوئل جلسے“ کے کامیاب انعقاد پر مسرّت و اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔
ورچوئل جلسے کے منتظمین خصوصاً آفیشل سوشل میڈیا ٹیم اور اورسیز چیپٹرز کے ذمہ داران اور کارکنان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں جلسے میں شرکت پر عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا
ملکی تاریخ کے پہلے ورچوئل جلسے میں عوام کی شرکت کی حوصلہ شکنی کیلئے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے چھیڑ چھاڑ کی ریاستی کوششوں کی شدید مذمت کی۔
کورکمیٹی نے کہا کہ بانی چیئرمین کے قید میں ہونے کے باعث جلسے میں شرکت نہ کرسکنے کے باوجود ریکارڈ ساز جلسے کا انعقاد تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت اور بطور جماعت مکمل طور پر فعال اور متحرک ہونے کی ٹھوس دلیل ہے۔
کورکمیٹی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ورچوئل جلسے میں اپنی بےمثال شرکت سے عوام نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کا خاکہ دنیا کو دکھا دیا ہے۔
کورکمیٹی نے مزید کہا کہ ورچوئل جلسے کے ذریعے تحریک انصاف اپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کرچکی، قومی و صوبائی اسمبلی کی ہر نشست پر امیدوار کھڑا کریں گے۔ظلم، جبر، فسطائیت اور شفافیت سے محروم ماحول سے خوفزدہ ہونے کی بجائے پوری تیاری اور دلجمعی سے میدان میں اتریں گے اور اللہ کے فضل سے ناقابلِ تصوّر کامیابی حاصل کریں گے۔
کورکمیٹی نے کہا کہ قوم اپنے ووٹ کے تقدس، حرمت اور اہمیّت کے پیشِ نظر پوری طرح چوکس اور تیار ہوجائے، 8 فروری کو ملکی تاریخ و سیاست کو اِک نئی ڈگر پر ڈالیں گے۔
کورکمیٹی اجلاس میں ممتاز ماہرِ قانون، سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا ۔
کور کمیٹی نے کہا کہ تحریک اپنے خالص جمہوری، دستوری اور پرامن سیاسی اہداف کے حصول کیلئے سردار لطیف خان کھوسہ کی صلاحیت و تجربے سے استفادہ کرے گی۔
کور کمیٹی نے مزید کہا کہ سردار لطیف خان کھوسہ کے فیصلےکو تحسین و قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور باہم مل کر پاکستان کو دستور و جمہوریت کی راہ پر ڈالنے کی جدوجہد کو منزل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے