اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کیفے ٹیریا کی تزئین و آرائش کا منصوبہ کیوں رک گیا ؟ وجہ سامنے آ گئی۔
8فروری کو ہونے والے قومی اسمبلی کے انتخابات سے قبل نئے مہمانوں کے خیر مقدم کیلئے پار لیمنٹ ہا ؤس کے دونوں کیفے ٹیریا کی تزئین و آرائش کرنے اور انہیں جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کاپراجیکٹ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ اس تزئین و آرائش پر 82ملین روپے لاگت آئے گی۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ نے وزارت داخلہ کو ان اخراجات کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کیلئے سمری ارسال کی تھی لیکن وزارت داخلہ نے ان اخراجات کیلئے82ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
وزات داخلہ نے چیئر مین سی ڈی اے کے نام مراسلہ میں واضح کیا ہے کہ فنا نس ڈویژن نے رواں مالی سال کیلئے اضافی فنڈز اور ٹیکنکل سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے پر پابندی لگادی ہے لہٰذا سی ڈی اے منظور شدہ بجٹ کے فنڈز کو موثر طور پر استعمال کرے اور اضافی فنڈز نہ مانگے۔
خیال رہے کہ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیئر مین سی ڈی اے کو ہدایت کی تھی کہ پارلیمنٹ ہا ؤس کے دو نوں کیفے ٹیر یاز کی تزئین و آ رائش کی جا ئے تاکہ قومی اسمبلی کے نئے ممبران جدید کیفے ٹیریا کو انجوائے کرسکیں۔