لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا بیات نے اسرائیل کے خلاف غیر ملکی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم کو بکواس قرار دے دیا جس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کے ایک تازہ انٹرویو کا کلپ وائرل ہے جس میں بائیکاٹ مہم پر وہ یہ کہتی نظر آتی ہے کہ بہت عجیب اور ایک بکواس قسم کی جنگ چل رہی ہے جس میں ان کے کچھ جاننے والے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ’لوگ کہہ رہے ہیں غیر ملکی فاسٹ فوڈ نہ کھائیں، اسٹاربکس نہ پیئیں، پیپسی نہ پیئیں لیکن وہ سوشل میڈیا استعمال کریں گے‘۔
حنا بیات نے بائیکاٹ کرنے والوں کو جاہل قرار دیتے ہوئے کہ لوگ کسی بھی چیز کو ٹول کے طور اپنی بہتری کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر حنا بیات کا کلپ پوسٹ ہوتے ہی وائرل ہوگیا ہے اور لوگ انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ (حنا بیات) کیا کہنا چاہ رہی ہیں، سوشل میڈیا آواز بلند کرنے کا ایک ذریعہ ہے لیکن فاسٹ فوڈز پیٹ کی چربی بڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔
کچھ صارفین کے مطابق حنا بیات بائیکاٹ مہم کی حمایت کررہی ہیں اور وہ اس کی مخالفت کرنے والوں کا مذاق اڑا رہی ہیں۔