اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز جیتنے والی ایشیائی ویمن کرکٹ ٹیم بن گئی، پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی قدر بھی مردوں سے پیچھے نہیں، اسی طرح محنت کرتی رہیں تو ورلڈ کپ بھی جیت جائیں گی۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ اس کامیابی پر قومی خواتین کرکٹرز اور ان کے اہلخانہ کو پوری قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی مرتبہ شاندار کامیابی حاصل کرنے پر چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے جس انداز سے ٹیم کی قیادت کی وہ قابل فخر ہے، انہوں نے ویمنز ٹیم کی وطن واپسی پر خصوصی تقریب کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔
خیال رہے کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 10 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی ہے۔