ملک کے مختلف شہروں سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریاں کی گئی ہیں۔
میانوالی سے پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی امجد خان نیازی کو گرفتار کرلیا۔ ان پر 9 اور 10 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات درج ہیں۔
بورے والا سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر بیرسٹر خالد نثار ڈوگر کو گرفتار کرلیا گیا۔ خالد نثار پر 10مئی کے احتجاج میں پولیس کے ساتھ تصادم کا مقدمہ درج ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں 100 سے زائد کارکن بھی نامزد ہیں، مقدمے میں دہشتگردی اور دیگر دفعات شامل ہیں، خالد نثار ڈوگر کی قیادت میں کارکنان نے لاری اڈا چوک پر احتجاجی دھرنا دیا تھا۔
اسی دوران کارکنوں نے پولیس کے ساتھ تصادم کیا تھا، مقدمہ درج ہونے کے بعد خالد نثار ڈوگر روپوش ہوگئے تھے، خفیہ اطلاع پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
پشاور سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے مجاہد خان کو محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا۔ ان پر ترقیاتی کاموں میں کرپشن کا مقدمہ درج کیا گیا۔