اسلام آباد: اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں رات گئے موسلادھار بارش جبکہ سیاحتی مقامات ناران اور کاغان میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا برفباری کے باعث بابو سرٹاپ جانے والی سڑک بند ہو گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں ہونے والی تیز بارش کے بعد موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی ہلکی برف باری اور ژالہ باری ہوئی جس سے مری میں سردی کی شدت بڑھ گئی، برف باری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس مری کے مطابق برفباری کے بعد مری میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، مری کی تمام سڑکیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں۔
دوسری جانب جڑواں شہروں میں ہونے والی بارش نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، بارش کی وجہ سے ائیرپورٹ کی چھٹ ٹپکنے لگی، ائیر پورٹ پر موجود مسافروں کو چھت ٹپکنے کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ادھرخیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام وادی ناران اور کاغان میں بھی برفباری ہوئی ہے، بٹہ کنڈی، جلکھڈ اور لولوسر جھیل پر چار سے چھ انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، برفباری کے باعث بابو سرٹاپ جانے والی سڑک بند ہو گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ بابو سر ٹاپ پر پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا، گٹی داس کے مقام پر بھی برفباری کے باعث پھنسے سیاحوں کو بحافظت ریسکو کیا گیا ہے، سیاح برفباری والے علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔