امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی جانب دیکھ رہے ہیں،مسلمان حکمران اسرائیل کی سفاکیت روکیں۔ طیب اردگان سے امت مسلمہ کی امیدیں وابستہ ہیں، وہ آگے بڑھ کر کردار ادا کریں، عالم اسلام کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین سمیت تمام مظلوم انسانیت کا مقدمہ لڑنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استنبول ترکیہ میں مختلف اسلامی تحریکوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت ایران کے دورہ کے بعد ترکی میں ہیں۔ ان کے دورہ کا مقصد غزہ میں جاری انسانی المیہ کے تدارک کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل ہے۔ انہوں نے ایران کے دورہ کے دوران حکام اور علماء سے ملاقاتیں کی۔
امیر جماعت جمعہ کو استنبول کی فاتح مسجد کے سے نکالے جانے والے عظیم الشان فلسطین یکجہتی مارچ کی قیادت اور شرکاء سے کلیدی خطاب کریں گے۔عالم اسلام کی تنظیم الاتحادالعالمی کے سیکرٹری جنرل الشیخ علی محی الدین القرہ داغی اور دیگر اسلامی تحریکوں کے رہنما بھی مارچ کی قیادت کریں گے۔
فلسطین یکجہتی مارچ کے بعد عالمی اسلامی تحریکوں کا مشترکہ اجلاس ہوگا جس میں مسئلہ فلسطین کا جائزہ لیا اور لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔ سراج الحق اس اہم اجلاس میں شرکت اور جماعت اسلامی کا موقف پیش کریں گے۔