صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو ارسال خط میں لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے خدشات پر مشتمل خط آپ کو ارسال کررہا ہوں، سیاسی لوگوں کی جبری گمشدگیوں کے بڑھتے واقعات پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی، سیاسی وابستگیاں اور وفا داریاں بدل جانے پر ایسے واقعات تشویش کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے خط میں کہا کہ خواتین کارکنوں کی طویل نظر بندی یا بار بار گرفتاریاں معاملے کو مزید حساس بنادیتی ہیں، نگران وزیراعظم حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے معاملات پر غور کریں۔
صدر مملک نے لکھا کہ نگران حکومت کا تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان (لیول پلیئنگ فیلڈ) فراہم کرنا بے حد اہم ہے، آئندہ انتخابات کے متعلق نگران حکومت کی پالیسی پر حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پختہ یقین ہے کہ جمہوریت ہی عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے۔