پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پیر کو عرب نیوز کو دیے انٹرویو میں تصدیق کی کہ ریکو ڈک میں شیئرز خریدنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت سعودی عرب کے ریکوڈک میں شیئر خریدنے کا معاہدہ دسمبر تک ہونے کے لیے پرامید ہے۔ریکوڈک سونے اور تانبے کے دنیا کے بڑے مائننگ منصوبوں میں سے ایک ہے اور یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان نے عوامی سطح پر کہا ہے کہ وہ اپنے شیئرز فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے تصدیق کی کہ ریکو ڈک میں شیئرز خریدنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ’وہ دسمبر تک معاہدہ ہونے کے لیے پرامید ہیں۔‘انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم سعودی عرب کی پیشکش کو لے کر کافی پرجوش ہیں، اور ہم ان کی شراکت پر کافی حوصلہ افزائی کریں گے، نہ صرف اس منصوبے میں بلکہ اس کے علاوہ بھی۔‘
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ’ابھی مذاکراتی دور ہے جو تین پارٹیوں کے درمیان چل رہے ہیں، اور دیکھتے ہیں کہ ان کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم صرف ایک حکومت ہیں جو چاہتی ہے کہ سعودی اس معاہدے اور دیگر تفصیلات کا حصہ بنیں اور جب کسی واضح فیصلے پر پہنچیں گے تو ہم اس سے آگاہ کر دیں گے۔‘