اسلام آباد کی مقامی عدالت نے فواد چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا ۔فواد چوہدری کو انتہائی سخت سیکورٹی میںڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی ۔
پراسیکیوٹر نے فواد چودھری کے خلاف ظہیر نامی شہری کی جانب سے درج ایف آئی آر پڑھ کر سنائی ۔ایف آئی آر کے مطابق فواد چودھری نے شہری سے نوکری دلوانے کے وعدے پر 50 لاکھ روپے لیے اور نوکری نہیں دی ،تقاضاکرنے پر مسلح گن مینوں کا سہارا لیتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ۔عدالت کی جانب سے تحریری حکم نامے میں لکھا ہے کہ پولیس نے پستول اور نقدی ریکور کرنے کے لیے 5 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جس کی وکیل صفائی نے مخالفت کی ۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کا ریمانڈ سے پہلے اور بعد میں طبی معائنہ کرایا جائے اور سات نومبر کو دن گیارہ بجے عدالت پیش کیا جائے ۔